Aaj News

اتوار, مئ 19, 2024  
10 Dhul-Qadah 1445  

فاروق ستار کی بیٹیاں اُن سے کیا کام کرواتی ہیں؟

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی بیٹیاں اُن سے برتن دُھلواتی ہیں۔

فاروق ستار نے آج نیوز کی رمضان ٹرانسمیشن 'بارانِ رحمت رمضان' میں بطور مہمان شرکت کی جہاں میزبان معروف اداکارہ ریما خان نے اُن سے کئی دلچسپ سوالات کئے۔

ریما خان نے فاروق ستار سے سوال کیا کہ لاک ڈاؤن سے متعلق حکومتی سطح پر کافی اختلافات پائے جاتے ہیں تو آپ کی اس بارے میں کیا رائے ہے؟

اس سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا اس معاملے میں ڈاکٹروں کی رائے سب سے زیادہ اہمیت کی حامل ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس ایک ایسی وباء ہے جو نہ امیر کو دیکھتی ہے اور نہ ہی غریب کو دیکھتی ہے۔

فاروق ستار نے مزید کہا کہ کورونا وائرس ایسی وباء ہے جو کسی میں امتیاز یا فرق نہیں کرتی اور اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمیں بھی امتیاز اور فرق کو ختم کردینا چاہیئے۔

ریما خان نے سوال کیا کہ قرنطینہ میں آپ کو گھروں میں رہنے کا کہا گیا ہے تو آپ کے دو گھر (دو بیگمات) ہیں تو کس طرح توازن برقرار رکھتے ہیں؟ اس سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مجھے جب بھی موقع ملتا ہے تو میں بہانے بہانے سے اسلام آباد نکل جاتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میرا گھر ہے تو اسی لئے زیادہ تر کراچی میں ہی رہتا ہوں۔

بعدازاں ریما خان نے شرارتاً سوال کیا کہ آپ کو کہاں کا موسم زیادہ پسند ہے تو فاروق ستار نے دو ٹوک کہہ دیا 'کراچی پھر کراچی ہے، نہ کسی کے حکم پہ ناچے گی نہ ناچی ہے اسی لئے تو کہتے ہیں کراچی پھر کراچی ہے'۔

میزبان نے سوال کیا کہ آج کل آپ گھر میں ہی ہیں تو کیا خود کچھ پکانے کی کوشش کی؟ جواب میں فاروق ستار نے کہا کہ گھر میں رہ کر خواتین کی مدد کرنی چاہیئے اور میں چائے کافی وغیرہ بنالیتا ہوں۔

انہوں نے بتایا کہ اُن کی بیٹیاں شروع سے امریکا میں اپنے ماموؤں کے ساتھ مقیم ہیں اور وہیں اسکول، کالج اور یونیورسٹی کی تعلیم حاصل کررہی ہیں تاہم جب وہ یہاں آتی ہیں تو مجھے برتن تک دھونے پڑجاتے ہیں۔

فاروق ستار نے کہا کہ میری بیٹیاں اصرار کرتی ہیں کہ یہ آپ کو کرنا ہے تاہم وہ سب کچھ میں محبت میں کرتا ہوں اور منع نہیں کرتا۔ ویڈیو ملاحظہ کریں۔